لندن،11مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لندن پولیس نے کہا ہے کہ تین عورتوں پر دہشت گردی کا منصوبہ تیار کرنے کی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان میں سے ایک کو پولیس کے چھاپے کے دوران گولی مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔21 سالہ رزلین بولر کا تعلق وسطی لندن سے ہے۔ 43 سالہ مینا ڈِچ ساؤتھ ویسٹ لندن سے ہیں، جب کہ 20 سالہ خولہ برغوثی نارتھ ویسٹ لندن کے علاقوں سے ہیں۔ ان پر قتل کی سازش کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔انھیں گذشتہ ماہ انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جس کے دوران بولر کو پولیس نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ڈِچ بولر کی والدہ ہیں۔ انھیں کینٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ برغوثی کو 27 اپریل کو نارتھ ویسٹ لندن سے پکڑا گیا تھا۔بولر کو تین دن بعد ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔